(ایجنسیز)
اسلامی تحریک مزاحمت"حماس" کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل اور تیونس میں فلسطینی اتھارٹی کے سفیر سلمان الھرفی نے فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت میں مدد کرنے پر تیونس کی مذہبی سیاسی جماعت تحریک النہضہ کے سربراہ الشیخ راشد الغنوشی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیاہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے لیڈر خالد مشعل نے راشد الغنوشی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور قومی مفاہمت کرانے پر ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
right;">
ادھر تیونس میں متعین فلسطینی اتھارٹی کے سفیر سلمان الھرفی نے بھی الشیخ راشد الغنوشی کا قومی مفاہمت کرانے میں ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ فلسطینی سفیر نے تیونس میں جرمن سفارت خانے میں ہونے والی ایک تقریب میں الشیخ راشد الغنوشی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ الغنوشی نے فلسطینی سیاسی جماعتوں کی صفوں میں اتحاد کی حمایت کی حماس اورالفتح سمیت پوری فلسطینی قوم کو مفاہمت کی مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ تیونس کا کوئی ایک فرد بھی ایسا نہیں جو فلسطینیوں کے مسائل میں دلچسپی اور مظلوم فلسطینیوں سے ہمدردی نہ رکھتا ہو۔ ہمیں فلسطینیوں کی قومی مفاہمت کے اعلان پر گہری مسرت ہوئی ہے۔ ہم مفاہمت کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔